نئی دہلی ، 26 فروری ( یواین آئی ) شمال مشرقی دہلی میں تشدد کے واقعات میں شدید زخمی چارمزید لوگوں کی بدھ کے روز موت ہو گئی اور اس کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی ہے۔گورو تیغ بہادر اسپتال سے موصول اطلاع کے مطابق چاروں زخمیوں نے آج اسپتال میں دم توڑ دیا ۔
اب بھی کئی لوگوں کی حالت نازک ہے جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے ۔دارالحکومت میں دو دن سے جاری تشدد کے واقعات کے پیش نظر مرکزی حکومت نے منگل کے روز اعلی سطحی ہنگامی میٹنگ بلائی اور حالات کا جائزہ لیا اور امن و امان بحال کرنے کے لئے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے میٹنگ بلائی تھی جس میں دہلی کے نائب گورنر انل بیجل اور وزیر اعلی اروند کیجریوال شامل ہوئے ۔ مسٹر کیجریوال نے میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں اس میٹنگ کو اچھا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی چاہتا ہے کہ دارالحکومت میں تشدد رک جائے ۔
میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں دہلی میں امن و امان بحال کرنے میں تعاون کریں ۔ اس سے قبل مسٹر کیجریوال نے شمال مشرقی دہلی اور دیگر متاثرہ علاقوں کے اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کی تھی ۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے پولیس فورس معقول تعداد میں نہیں ہونے اور تشدد پھیلانے کے لئے سرحدی ریاستوں سے شر پسندوں کے آنے کی بات کہی تھی۔شمال مشرقی دہلی میں گزشتہ رات سے تشدد کے کسی بڑے واقعہ کی اطلاع نہیں ہے لیکن حالات انتہائی کشیدہ ہیں ۔