نئی دہلی ، 2 مارچ ( یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے پیر کے روز کہا کہ حکومت کو دہلی تشدد پر پارلیمنٹ میں کھلی بحث کراکر سوالات کا جواب دینا چاہئے ۔ محترمہ مایاوتی نے ایک ٹویٹ میں دہلی تشدد کا موازنہ سنہ 1984 کے سکھ مخالف فسادات سے کیا اور کہا کہ تشدد پر بحث نہیں کرانا افسوسناک ہے ۔
انہوں نے کہا’’ سنہ 1984 کے سکھ فسادات کی طرح ہی ابھی حال ہی میں دہلی کے پرتشدد فسادات نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ۔ ایسے میں بہتر ہوتا کہ آج سے شروع ہوئے پارلیمنٹ کے سیشن میں مرکزی حکومت سارے کام کاج ملتوی کرکے اس معاملے پر کھلی بحث کراکر عوام کے سوالات کا جواب دیتی ۔ لیکن ایسا نہیں کرنا افسوسناک ہے ‘‘ ۔ اس سے قبل پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ آج شروع ہوا تو دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں دہلی تشدد کا معاملہ زور شور سے اٹھا ۔ تاہم ددونوں ایوانوں میں اس کی اجازت نہیں دی گئی اور اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی ۔