لندن(اے پی پی)برطانوی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان نے حکومت سے ایران کے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمینٹیرینز کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب پر پابندی مشرق وسطیٰ میں استحکام کی بحالی کی جانب ایک قدم ہو گا۔برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کے نام ایک خط میں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں اور ہاؤس آف لارڈز کے اراکین کے 60 سے زیادہ ارکان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے حالات کے پیش نظر پاسداران کو کالعدم قرار دینا ضروری ہے۔ہم برطانوی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایران کے پاسداران انقلاب گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس پر جلد عمل درآمد کرے۔حکومت کو لکھے گئے خط میں آئن ڈنکن سمتھ، ڈیوڈ ڈیوس اور ڈیوڈ جونز اور دیگر سینئر کنزرویٹو ارکان کے دستخط موجود ہیں۔