لکھنؤ : لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی کے نائب صدر شیوا کانت دیویدی کی رہنمائی میں جمعہ کے روز بلدیہ افسران نے راجدھانی کے الگ الگ علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کو سیل کرنے کےساتھ ہی انہدامی کارروائی مکمل کی۔
ایل ڈی اے کی جوائنٹ سکریٹری ومجاز افسر ریتوسہاس کے ذریعہ گزشتہ ۱۹؍جون کو جاری احکامات پر جمعہ کےروز رائے بریلی روڈ پی جی آئی کے پاس لیکھ ویو اپارٹمنٹ کے سامنے واقع سمت کمار راوت کی تعمیرات کو سیل کر دیا گیا۔
موقع پر تقریباً ۱۰۰ مربع میٹر رقبہ کی پرانی عمارت کو توڑ کر نئی تعمیرات کرائی جا رہی تھی۔ منظورشدہ نقشہ نہ دکھا پانے کی صورت میں غیر قانونی تعمیرات کو ایل ڈی اے کے ایگزیکٹیو انجینئر کمل جیت سنگھ کی سرکردگی میں ایل ڈی اے پولیس ، مقامی پولیس و دیگر اہلکاران کے تعاون سے سیل کر دیا گیا۔
دوسری جانب سروجنی نگر کے علی نگر سنہرا میں ۱۰۰ بیگھہ زمین پرغیر منصوبہ بند طریقہ سے ہو رہی پلاٹنگ پر بنی تعمیرات کی انہدامی کارروائی جمعہ کےروز دوسر ے دن بھی جاری رہی۔
مجاز افسر ریتو سہاس کی رہنمائی میں ایگزیکٹیو انجینئر کمل جیت سنگھ، اسسٹنٹ انجینئر پی کےشریواستو، جونیئر انجینئر چمن تیاگی، ونود شنکر سنگھ اور علاقائی سپروائزروں کےساتھ بلدیہ و مقامی پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں انہدامی کارروائی کی گئی۔