عراق کے دارالحکومت میں شیعہ مراجع کرام آیت اللہ العظمی سیستانی کی توہین کے خلاف مظاہرہ ہوا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بغداد کے التحریر اسکوائر میں عراقی عوام نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور شیعہ مراجع آیت اللہ العظمی سیستانی کی توہین کی مذمت کی۔
مظاہرین نے اسی طرح عراقی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی (KDP) کے رہنما ریبر احمد کی عراق کے عہدۂ صدارت کے لئے نامزدگی کی بھی مخالفت کرتے ہوئے انہیں اسرائیل کا ایجنٹ قرار دیا اور کہا کہ ہمیں اسرائیلی ایجنٹ منظور نہیں ہے۔
واضح رہے کہ عراقی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی (KDP) کے رہنما «نایف الکردستانی» نے گزشتہ روز ٹوئیٹ کرتے ہوئے شیعہ مراجع کرام آیت اللہ العظمی سیستانی کی توہین کی، جس پر شیعہ جماعتوں کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا۔
عراقی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی (KDP) کے سربراہ مسعود بارزانی نے بھی شیعہ مراجع کرام کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی مقدسات اور اہم شخصیات کی توہین ریڈ لائن کو عبور کرنے کے مترادف ہے اور اس کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی۔