پیرس، میلان اور کوپن ہیگن سمیت یورپ کے کئی شہروں میں صیہونی حکومت کی غزہ پر مسلسل بمباری کے خلاف ہزاروں افراد فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔
فلسطین کے ہزاروں حامی اپنے اہل خانہ اور بچوں کے ساتھ برلن میں جمع ہوئے اور صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کی۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “نسل کشی بند کرو”، “غزہ کو بچاؤ” اور “جنگ بندی” درج تھے۔
برلن پولیس کے ترجمان کے مطابق مظاہرین کی تعداد ہزاروں میں تھی ۔
فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے نے پیرس میں بھی مارچ کیا اور جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ’تشدد بند کرو‘ اور ’کچھ نہ کرنا اور کچھ نہ کہنا جرم میں شامل ہے‘ جیسے نعرے لگائے۔
ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن شہر میں بھی متعدد مظاہرے ہوئے جہاں شرکاء نے غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور فلسطینی پرچم لہرائے۔اسی طرح ہزاروں فلسطینی حامیوں نے ایک بار پھر مانچسٹر اور لندن میں مارچ کیا اور غزہ پر اسرائیل کے حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔اس کےعلاوہ میلان میں غزہ کے عوام کی حمایت میں ایک مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی فلسطینی حامی انجمنوں سمیت تقریباً ایک ہزار افراد نے شرکت کی۔