ڈاکٹر ضمیر اعظمی
کورونا کی تباہی کا سلسلہ ابھی تھما بھی نہیں ہے کہ اسی دوران بڑی تیزی کے ساتھ ڈینگو بخار کی وبا خطرناک طریقے سے ملک بھرمیں قہر برپا کرنے لگی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ہر روز سینکڑوں لوگ ڈینگو سے متاثر ہو رہے ہیں۔ ڈینگو کے مریضوں کی بڑھ رہی تعداد کی وجہ سے ملک کی کئی ریاستوں میں افراتفری مچ گئی ہے۔ اس دوران ڈینگو کے مریضوں کی بڑی تعداد ہر روز اسپتال پہنچ رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گجرات، مدھیہ پردیش، پنجاب، ہریانہ، دہلی اور اتر پردیش میں بے تحاشہ ڈینگو کے مریض سامنے آرہے ہیں۔ خطرے کی بات یہ ہے کہ ڈینگو کے سینکڑوں مریض اب تک موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ ہندوستان کی درجنوں ریاستوں میں کورونا کی وبا کے درمیان ڈینگو کے مریضوں کی آمد کی وجہ سے محکمہ صحت کے ہاتھ پیر پھولنے شروع ہو گئے ہیں۔ اس وقت سب سے خطرناک حالت ریاست اتر پردیش کی ہے۔









