پاکستان کے نامور قوال اور گلوکار راحت فتح علی خان کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اکاؤنٹ پر پیغام میں لکھا گیا کہ معروف گلوکار کی دبئی میں گرفتاری کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔
راحت علی خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں دبئی میں اپنے گانے ریکارڈ کرنے کے لیے آیا ہوا ہوں اور ہمارے گانے بہت اچھے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے مداحوں کے نام پیغام میں کہا کہ گھٹیا افواہوں پر کان نہ دھریں، ایسا کچھ نہیں ہے جیسا دشمن سوچ رہے ہیں، انشااللہ میں جلد عزیز واپس آؤں گا اور سپر ہٹ گانوں سے آپ کو محظوظ کریں گے۔
اپنے مداحوں سے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی اپیل کرتے ہوئے معروف قوال و گلوکار نے کہا کہ میں دنیا بھر میں اپنے چاہنے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ گھٹیا افواہوں پر کان دھر کر اپنا وقت ضائع نہ کریں۔
اس کے علاوہ راحت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنے والے میوزک ڈائریکٹر فاروق راؤ نے بھی ان کی گرفتاری کی تردید کی۔
انہوں نے کہا کہ راحت فتح علی خان دبئی میں ہیں لیکن گرفتار نہیں ہوئے اور ان کے حوالے سے سب خبریں غلط چل رہی ہیں۔
علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں راحت فتح علی خان نے کہا کہ مجھ سے ایئرپورٹ پر سوال جواب کیے گئے، درخواستیں دی گئیں ہیں اور وہ کوئی بھی دے سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر عام سی چیکنگ اور سوال جواب ہوئے اور اب اپنا کام کر رہا ہوں، میں گرفتار نہیں ہوا اور نہ ہی ایسا واقعہ ہوا۔
اس سے قبل مختلف مقامی ذرائع ابلاغ میں یہ افواہیں زیر گردش تھیں کہ راحت فتح علی خان کے سابق منیجر سلمان احمد کی ہتک عزت کی شکایت پر انہیں دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق راحت فتح علی نے کچھ عرصہ قبل اپنے منیجر سلمان کو کسی تنازع کے بعد نوکری سے فارغ کردیا تھا۔