غزہ کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک صیہونی حکومت کو چھپن ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔ الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ چھے مہینے کی غزہ جنگ میں صیہونی حکومت کو چھپن ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور ساتھ ہی اس غاصب حکومت کو بھاری بجٹ خسارے اور قرضے کا سامنا ہے۔
اس سے قبل پوعلیم نامی اسرائیلی بینک نے ایک رپورٹ میں جو اسرائیل ٹائمز میں شائع ہوئی تھی کہا تھا کہ جنگ سے ہونے والے اقتصادی نقصان کا اندازہ لگانا ابھی قبل از وقت ہے ؛ لیکن ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اس جنگ کے اخراجات سات ارب ڈالر سے کم نہيں ہوں گے اور ممکن ہے ملک کی مجموعی جی ڈی پی کا ایک اعشاریہ پانچ فیصد تک پہنچ جائے۔
یمنی فوج کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کی بندرگاہوں کی جانب جانے والے بحری جہازوں پر حملے اور غاصب صیہونی حکومت کی اقتصادی ناکہ بندی کی وجہ سے تل ابیب انتظامیہ کی معیشت کو اور زیادہ نقصان پہنچا ہے۔