ہماچل پردیش میں طوفانی بارش اور اس کے بعد تین جگہوں پر بادل پھٹنے کے واقعہ سے زبردست تباہی مچ گئی ہے۔ ریاست کے کُلّو کے نرمنڈ بلاک، ملانا اور منڈی ضلع میں بادل پھٹے ہیں جس کے بعد اب تک 3 لوگوں کی موت اور 50 سے زائد افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔
بادل پھٹنے سے مکانات، سڑکوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ کئی مکانات اور سڑکیں بُری طرح تباہ ہوگئی ہیں۔ واقعہ کے بعد منڈی کے پدھر واقع سبھی اسکول اور تعلیمی اداروں کو فوری اثر سے بند کردیا گیا ہے۔ اس افسوسناک حادثہ پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہماچل پردیش کے شملہ، منڈی اور کلّو میں بادل پھٹنے سے کئی لوگوں کی موت اور بڑی تعداد میں لوگوں کے لاپتہ ہونے کی خبر دردناک ہے۔
ایشور مہلوکین کی روحوں کو سکون فراہم کریں۔ غمزدہ کنبوں کے تئیں میری گہری ہمدردی۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور ریاستی انتظامیہ کی کئی ٹیمیں پوری صلاحیت کے ساتھ راحت و بچاؤ کام میں لگی ہیں۔ ایشور سے ہماچل پردیش کی عوام کو محفوظ رکھنے کی دعا کرتی ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ منڈی کے تھلٹو کھوڑ میں آدھی رات کو بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا جس سے کئی مکانات تباہ ہو گئے اور سڑک رابطہ بھی ٹھپ ہو گیا۔ تھلٹوکھوڑ پنچایت پردھان کالی رام کے مطابق تیرنگ اور راجبن گاؤں میں بادل پھٹا ہے جس کے بعد کئی لوگ لاپتہ ہیں اور تین گھر بہنے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ پدھر سب ڈویژن کے تھلٹوکھوڑ میں بادل پھٹنے کے بعد 9 لوگ لاپتہ ہیں جبکہ ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔
35 لوگوں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔ منڈی ضلع انتظامیہ نے ریسکیو کے لیے ایئر فورس کو الرٹ کر دیا ہے۔ بادل پھٹنے کے بعد سے موقع پر موجود مقامی انتظامیہ راحت کاموں میں مصروف ہو گئی ہے۔ سڑکوں اور راستوں کے ٹوٹنے کی وجہ سے جائے حادثہ تک پہنچنے میں پریشانی ہو رہی ہے۔
شملہ-کُلّو سرحد پر بھی بادل پھٹا ہے جس سے زبردست تباہی ہوئی ہے۔ کئی مکانات، اسکول اور اسپتال کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ یہاں سے بھی کئی لوگوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ علاقے میں راحت اور بچاؤ کام چلایا جا رہا ہے۔
کُلّو کے نرمنڈ علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد 19 افراد لاپتہ ہوئے ہیں۔ نرمنڈ بلاک کے جھاکڑی میں سمیج کھڈڈ میں ہائیڈرو پروجیکٹ کے پاس بھی بادل پھٹنے کی خبر ملی ہے۔ یہاں جمعرات کو صبح سویرے بادل پھٹا۔
ڈپٹی کمشنر انوپم کشیپ نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی این ڈی ایس آر ایف کی ٹیم، پولیس، ریسکیو دستہ جائے وقوع کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بادل پھٹنے سے متاثر علاقہ سے 19 لوگوں کے لاپتہ ہونے کی جانکاری ملی ہے۔
ڈپٹی کمشنر انوپم کشیپ کے مطابق آئی ٹی بی پی، اسپیشل ہوم گارڈ کی ٹکڑی کو بھی ریسکیو دستہ میں شامل کیا گیا ہے۔ سبھی ٹیمیں ایک ساتھ راحت و بچاؤ کام میں لگی ہیں۔