دیوبند : کورونا سے آزاد ہو چکے تاریخی شہر دیوبند میں ایک مرتبہ پھر کورونا نے دستک دے دی ہے ،شہر میں بی جے پی خواتین مورچہ کی شہر انچارج اور ان کے شوہر سمیت تین لوگ کورونا مثبت پائے گئے ہیں جس کے سبب محکمہ صحت میں افرا تفری کا ماحول بنا ہوا ہے ،محکمہ صحت کی ٹیم نے ان کے رابطے میں آنے والے چھ افراد کے سیمپل لیکر جانچ کے لئے بھیج دئے ہیں ۔
تفصیل کے مطابق ٹیچر کالونی کی باشندہ خاتون بی جے پی لیڈر کے شوہر میں کورونا کی علامات پائے جانے کے بعد تین روز قبل دونوں کا سیمپل لیکر جانچ کے لئے بھیجا گیا تھا ،آج آئی رپورٹ میں بی جے پی کی خاتون لیڈر شبھلیش شرما اور انکے شوہرسریندر کورونا مثبت پائے گئے ہیں ،شہر کی پاش کالونی مانی جانے والی ٹیچر کالونی میں کورونا کیس ملنے سے محکمہ صحت کی ٹیم میں افرا تفری کا ماحول ہے ،وہیں گاؤں لال والا میں تین روز قبل ہریدوار سے آئے ایک شخص کی رپورٹ بھی کورونا مثبت آئی ہے جس کے بعدمحکمہ صحت کی ٹیم نے اس کے اہل خانہ کے چھ لوگوں کے سیمپل لیکر جانچ کے لئے لیب بھیج دئے ہیں ،دیوبند سی ایچ سی کے انچارج ڈاکٹر اندراج سنگھ نے تین لوگوں کی کورونا مثبت رپورٹ آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لال والا گاؤں کے رہنے والے چھ لوگوں کے سیمپل لیکر جانچ کے لئے بھیج دئے گئے ہیں ساتھ ہی بی جے پی خاتون لیڈر کی بیٹی کا بھی سیمپل لیکر جانچ کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔ ایس ڈی ایم دویندر کمار پانڈے نے بتایا کہ شبھلیش شرما سمیت تینوں لوگوں کو کووڈ ون اسپتال بھیج دیا گیا ہے ساتھ ہی ان کے قریبی رشتہ دار کو بھی کوارنٹین کرایا جا رہا ہے ۔