ہانگ کانگ: کتابوں، تصاویر، کاغذات اور تصویری البم کو تیزی سے اسکین کرکے ڈجیٹل فارمیٹ بنانا اب بھی ایک مسئلہ بنا ہوا ہے لیکن اب ’سیزر شائن الٹرا‘ اسکینر صرف منٹوں میں ایک پوری کتاب اسکین کرسکتا ہے۔
اس انقلابی اسکینر کو بند کرکے ایک بیگ میں رکھا جاسکتا ہے اور یہ اسکیننگ کے لیے یوایس بی کے ذریعے لیپ ٹاپ کی بیٹری استعمال کرتا ہے۔ اس لیے اسے بار بار چارج کرنے کی کوئی ضرورت نہیں رہتی۔ آپ کی پرانی تصاویر ہوں، رپورٹ کارڈ ہوں، رنگین رسائل و جرائد ہوں یا پھر کوئی بھی کتاب یہ اسکینر فوری طور پرحقیقی رنگوں کے ساتھ ان سب کو اسکین کرکے ڈجیٹل فائلوں میں تقسیم کردیتا ہے۔
سب سے خاص بات اس میں خمیدہ ہموار یعنی کرو فلیٹن ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو آٹو فوکس ہے اور کتاب ابھری ہونے کی صورت میں بھی کاغذ کے متن کو ہموار انداز میں اسکین کرتی ہے۔ ایک سیکنڈ فی کلک کے ذریعے آپ منٹوں میں سیکڑوں صفحات کی کتاب ڈجیٹل فارمیٹ میں تبدیل کرسکتے ہیں۔