ممبئی 14مارچ(یواین آئی)شہنشاہ جذبات کے نام سے مشہور ہندی فلموں کے بزرگ اداکاردلیپ کمار کی طبیعت کے بارے میں قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے ،
لیکن اس درمیان ان کی اہلیہ سائرہ بانو اور خاندان کے دوست فیصل فاروقی نے طبیعت بہتر ہونے کی بات کہی ہے اور کہاہے کہ پیٹھ میں شدید درد کی وجہ سے انہیں شمال مغربی ممبئی کے علاقہ باندرہ کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیاہے ۔
فیصل فاروقی نے پرستاروں سے کہا ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔اہلیہ سائرہ بانو نے ایک آڈیو پیغام ٹوئیٹ کرتے ہوئے دلیپ کمارکی طبیعت کا احوال پیش کیا ہے کہ 97 سالہ دلیپ صاحب کو پیٹھ میں شدید درد کی شکایت کے بعدلیلاوتی اسپتال کے طبی ماہرین کے مشورے پر علاج کے لیے اسپتال داخل کیا گیا ہے ۔آج انہوں نے بزرگ اداکار کے ہمراہ اپنا ایک ویڈیو بھی شئیر کیا ہے جس میں انہوں نے پرستاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ ‘‘ لیلاوتی اسپتال میں مکمل طبی جانچ کے بعدہم گھر آگئے ہیں ، سب کچھ ٹھیک ہے ، اللہ کا شکر ہے ، آپ سب کی دعا ہے ،ہمارے ساتھ آپ کا پیار ہے ، ہم اللہ کے شکر گزار ہیں اور آپ لوگوں کی دعا کے لیے بہت بہت شکریہ ’’۔
دلیپ کمار کو نومبر 18۔2017 میں نمونیہ کی وجہ سے لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔جبکہ دسمبر 2017 میں انکی سالگرہ کے موقع پر صحت یاب ہوگئے اور اسپتال سے رخصت مل گئی تھی۔
دلیپ کمار نے تقریباً 65فلموں میں ہی کام کیا ہے اور انہیں سپر اسٹار کہا جاتا ہے ،کوہ نور،مغل اعظم،گنگا جمنا،ندیا کے پار،شہید،نیا دور،رام اور شیام، بیراگ، گوپی،شکتی ،سوداگر جیسی فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے ۔ انہوں ریکھا کیساتھ 1998 میں قلعہ نامی آخری فلم میں کام کیا تھا اور تقریباًپانچ سال سے بستر علالت پر ہیں۔