علی گڑھ : کووِڈ-19 کے خلاف جاری لڑائی میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کا طبی عملہ چابکدستی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ، جس کے نتیجہ میں مزید تین مریض صحت یاب ہوئے اور انھیں ڈسچارج کیا گیا ، جن میں ایک بچی بھی شامل ہے۔
ایک 6 سالہ بچی، ایک چالیس سالہ خاتون اور ایک 48سالہ مرد ،میڈیکل کالج کے آئیسولیشن وارڈ میں بھرتی تھے جو صحت یاب ہوگئے ہیں ۔ بچی اور اڑتالیس سالہ مرد کو صحت یاب ہونے کے بعد ان کے گھر بھیج دیا گیا ہے جب کہ چالیس سالہ خاتون میں کووِڈ-19 کی علامات ختم ہونے کے بعد اسے ایل ون کووِڈ اسپتال بھیجا گیا ہے۔
تینوں مریضوں کا علاج پروفیسر ایس ایف حق، پروفیسر کامران افضال، ڈاکٹر ایم اسلم، ڈاکٹر اویس اشرف ، ڈاکٹر شاد عبقری اور ڈاکٹر ایراج نے کیا۔ قابل ذکر ہے کہ اے ایم یو کا جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ایل -2 کووڈ – 19اسپتال ہے ۔
اس سلسلہ میں میڈیکل کالج کے پرنسپل اور سی ایم ایس پروفیسر شاہد علی صدیقی نے کہاکہ ابھی تک کووِڈ -19 کے 27 مریض میڈیکل کالج میں علاج کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں جو قابل ستائش ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ہمارے ڈاکٹروں اور صحت عملے کی کارکردگی لائق ستائش ہے اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اس وبا کے خلاف لڑائی اور طبی خدمات کی فراہمی میں قائدانہ کردار ادا کررہی ہے۔