بغداد : عراق کے شمالی ریجن سنجار سے 73 افراد کی اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے جس میں بارے میں کہا جا رہا ہے ان کا تعلق اقلیتی یزیدی کمیونٹی سے ہے اور انہیں داعش کے شدت پسندوں نے قتل کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ داعش نے سنجار کے علاقے میں قبضہ کر کے خواتین، مردوں اور بچوں کو قتل کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عراقی فورسز نے اجتماعی قبر رمبوسی کے علاقے قحطانیہ سے دریافت کی۔
خیال رہے کہ عالمی شدت پسند تنظیم داعش نے سنجار کے علاقے پر قبضہ کر کے بڑی تعداد میں اقلیتی یزیدی گروپ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو قتل کیا اور سینکڑوں خواتین اور بچیوں کو اغواء بھی کیا تھا۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اغوا کیے گئے افراد میں سے 3000 اب تک یرغمال ہیں۔
کرد جنگجوؤں نے امریکی اتحاد کے تعاون سے نومبر 2015 میں سنجار کے علاقے سے داعش سے قبضہ واپس حاصل کیا تھا۔
خیال رہے کہ عراقی فورسز نے بڑے پیمانے پر داعش سے قبضہ واپس حاصل کر لیا ہے اور فورسز کی پیش قدمی کے دوران داعش کے زیر تسلط علاقوں سے بڑی تعداد میں اجتماعی قبریں بھی دریافت ہوئی ہیں۔