لکھنؤ : کلکٹریٹ میں دوشنبہ کو ہائی اسکول اور انٹر کے ہونہاروں کو ڈی ایم نے سرفراز کیا۔ ہونہار علیشا انصاری، انکت مشرا، اپوروا شکلا، سلونی سنگھ، امن کمار دیویدی، انجلی ورما، منتشیٰ انصار ی اور انٹرمیڈیٹ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے کیشو، ابھیجیت، آیوشمان مشرا، جاگرتی مشرا اور اسماء انصاری کو انعام سےنوازا۔ ۱۲ ہونہاروں کو ڈی ایم نے کووڈ بچاؤ بیداری مہم کا برانڈ امبیسڈر بنایا۔ پرجوش بچوں نے کہا ’بنیں گے ڈی ایم اور کرنا ہے عوامی خدمت۔‘
انعام کے طور پر ضلع مجسٹریٹ نے ہونہاروں کو وزیر اعظم نریندر مودی کی تحریر کردہ کتاب ’ایگزام واریئرس‘، سابق وزیر اعظم اٹل بہاری باجپئی کی لکھی کویتائیں، سابق صدر جمہوریہ مرحوم اے پی جے عبد الکلام کی کتاب ’سوئنگس آف فائر‘ سمیت وویکانند کتاب پیش کی۔ ضلع مجسٹریٹ نے ہونہار طلباء سے اسٹڈی، امتحان اور مستقبل کے مقاصد کے سلسلے میں بات چیت کی۔ ضلع مجسٹریٹ سے اعزاز پاکر ہونہار بچوں کی خوشی کا ٹھکانا نہ رہا۔ بچوں سے جب دریافت کیا گیا کہ مستقبل میں کیا بننا ہے تو ایک آواز میں جواب ملا ’ڈی ایم بننا اور عوامی خدمت کرنی ہے۔‘ مسٹر پرکاش نے ہونہاروں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل ملک کا سنہرا مستقبل بنیں گے ایسے میں یہ ضروری ہے کہ ملک کی خدمت کا جذبہ سرفہرست رکھا جائے۔ انہوں نے عالمی وبا کووڈ-19 کے مدنظر سوشل ڈسٹینسنگ، عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال، صفائی وغیرہ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے اس پر جیت حاصل کرنے پر خاص زور دیا اور اس سلسلے میں سبھی ۱۲ ہونہار طلباء و طالبات کو سماج و لوگوں کے درمیان عوامی بیداری پیدا کرنے کیلئے برانڈ امبیسڈر بنائے جانے کا اعلان کیا۔ پروگرام کے دوران اے ڈی ایم سٹی ٹی جی وشو بھوشن مشرا، ڈی آئی او ایس سمیت دیگر افسر موجود تھے۔ پروگرام کے بعد ہونہاروں نے ڈی ایم کیمپ آفس اور رہائش کو دیکھا ساتھ ہی کووڈ-19 کے انفیکشن میں آئے دن پیش آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کے طریقۂ کار کو بھی سمجھا۔