لکھنؤ : ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک پرکاش نے جمعہ کو کنٹینمنٹ زون عیش باغ و پھول باغ کا معائنہ کیا۔ ان علاقوںمیں کورونا کے پانچ کیس پائے گئے ہیں۔ معائنہ کے دوران کنٹینمنٹ زون میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرائے جانے کی ہدایت پولیس و متعلقہ افسران کو دی۔
علاقہ میں مستقل سینیٹائزیشن کرایا جا رہا ہے۔ اس کنٹینمنٹ زون میں تقریباً ۷۰ کنبے رہتے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے سبھی متاثرہ کنبوںکو راشن، سبزی، دوائیں، دودھ اور پھل وغیرہ کی ڈور اسٹیپ ڈلیوری کرائے جانے کی ہدایت اے ڈی ایم سپلائی کو دی ہے۔
اس کے بعد ضلع مجسٹریٹ عیش باغ ایل ڈی اے کالونی پہنچے یہاں رنجنا اسپتال کے آس پاس کا علاقہ سیل کیا گیاہے ۔گزشتہ دنوں اس علاقہ میں چھ کوروناپازیٹیو کیس پائے گئے تھے۔
تقریباً ۶۷ گھر سیلڈ علاقہ میں آتے ہیں۔ ڈی ایم نے پورے علاقہ میں مہم چلاکر سینیٹائزیشن کرانے، ضرورت کے مطابق سیمپلنگ کرانے کی ہدایت دی۔ معائنہ کے دوران میونسپل کمشنر اندر منی ترپاٹھی، اے ڈی ایم سٹی کے پی سنگھ، ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سپلائی آر ڈی پانڈے ، سٹی مجسٹریٹ سشیل پرتاپ سنگھ سمیت دیگر افسر بھی موجود تھے ۔