ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ گرمی کی شدید لہر اور روزے کے دوران دوپہر کے وقت گھر سے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے اجتناب کریں
کراچی میں گرمی کی لہر جاری ہے جس کی شدت میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے اور طبی ماہرین کے مطابق روزہ داروں کو اس موقع پر زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
کراچی کے جناح ہسپتال کے شعبۂ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے پاس ابھی تک ہیٹ ویو کے باعث کوئی مریض نہیں آیا ہے لیکن ہسپتال کا عملہ الرٹ پر ہے۔
اسلام آباد میں پمز ہسپتال کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بی بی سی کو بتایا کہ شدید گرمی کی چند روز تک جاری رہنے والی لہر کے دوران ویسے ہی احتیاط اہم ہوتی ہے لیکن اگر انسان روزے سے ہو تو احتیاط اور بھی ضروری ہو جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ایک تو روزے شدید گرمی میں آئے ہیں اور دوسرا ان کا دورانیہ بہت طویل ہے۔’