رواں ہفتے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی دارالحکومت واپسی آمد پر کی گئی تقریر کو صدارتی انتخابات 2024 کی مہم کے لیے ان کی پہلی تقریر قرار دیا جا رہا ہے۔ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق معروف امریکی جریدے ‘واشنگٹن پوسٹ’ نے رپورٹ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی واشنگٹن میں تقریر کے ساتھ ہی ان کے اتحادی دوسری صدارتی مدت کے لیے تیاری کر رہے ہیں جب کہ انتخابات میں ان کی جیت کی صورت میں سابق صدر کے حامی پہلے ہی آئندہ آنے والی ان کی حکومت کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ جنوری 2021 میں اپنے جانشین جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیے بغیر ہی واشنگٹن سے روانہ ہوگئے تھے اور اس وقت سے اس ہفتے تک امریکی دارالحکومت سے دور رہے۔
سابق صدر منگل کے روز اپنے دور حکومت میں قائم کیے گئے تھنک ٹینک –امریکن فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ– میں خطاب کرنے کے سلسلے میں دارالحکومت واپس آئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ دور صدارت کے دوران ان کی سختی سے مخالفت کرنے والے نشریاتی ادارے سی این این نے نوٹ کیا کہ ان کی تقریر یہ ظاہر کرتی ہے کہ ان کی 2024 کی انتخابی مہم ملک کو تاریک اور خطرناک شاہراہ کی جانب لے جائے گی۔









