امریکہ روس سربراہی ملاقات سے قبل سابق صدر ٹرمپ نے جہاں موجودہ صدر کی کامیابی کی آروز ظاہر کی ہے وہیں طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوتین کے ساتھ ملاقات میں سو مت جانا۔
روزنامہ نیویارک پوسٹ کے مطابق ٹرمپ نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ، صدر پوتین کے ساتھ ملاقات میں بائیڈن کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں، اس ملاقات میں سونا نہیں، انہیں میرا مخلصانہ سلام پہنچانا مت بھولنا۔
ٹرمپ نے گزشتہ سال اپنی انتخابی مہم کے دوران جو بائیڈن کو ” سوتو جو” کا لقب دیا تھا اور کئی بار دعوی کیا تھا بائیڈن نفسیاتی مشکلات کا شکار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن آئندہ بدھ کو جنیوا میں روس کے صدر ولادی میر پوتین سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بائیڈن اور پوتین جنیوا ملاقات کے بعد ، مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے یا نہیں۔