لکھنو؛ اترپردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ راج ببر نے آج بی جے پی سے کہا کہ وہ لارڈ ہنومان کے تعلق سے بیان بازیاں بند کرے ۔ انہوں نے کہا کہ لارڈ رام پر بیجا تبصروں کی وجہ سے ہی بی جے پی کو تین ریاستوں کے انتخابات میں شکست ہوئی ہے ۔
کانگریس لیڈر نے یہ ریمارکس ایسے وقت میں کئے ہیں جبکہ کئی گوشوں سے ہنومان کی ذات پات کے تعلق سے تبصرے کئے جا رہے ہیں۔ سب سے پہلے چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ہنومان دلت تھے ۔ راج ببر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہنومان کو زیادہ پریشان مت کرو۔ ان کی دم کے ایک مرتبہ پھیرنے سے تین ریاستوں کے انتخابات میں شکست ہوگئی اور اب ان کی ( بی جے پی کی ) لنکا جل جائے گی ۔
راجستھان کے الور ضلع میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ہنومان جنگل کے علاقہ میں رہتے تھے اور وہ دلت تھے ۔ بعد میں درج فہرست قبائل کے قومی کمیشن کے صدر نشین نند کمار سائی نے ادعا کیا تھا کہ لارڈ ہنومان قبائلی تھے ۔ بعد میں بی جے پی کے ایم ایل سی بکل نواب نے دعوی کیا تھا کہ ہنومان مسلمان تھے جبکہ کسی نے انہیں جاٹ بھی قرار دیا تھا ۔