دروپدی مرمو نے بھارت کے 15ویں صدر جمہوریہ کے طور پر حلف لیا۔ انہوں نے ملک کی سبھی کی شمولیت والی ترقی کی غرض سے پسماندہ طبقات کو اوپر اٹھانے، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرنے سے مت
نئی دہلی؛محترمہ دروپدی مرمو کو آج ملک کے 15ویں صدر جمہوریہ کے طور پر حلف دلایا گیا ہے۔ اُنہیں پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں، ملک کے چیف جسٹس این وی رمنا نے عہدے کا حلف دلایا۔
اِس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ یہ بھارتی جمہوریت کی خوبصورتی ہے کہ دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک غریب خاتون ، صدر جمہوریہ بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی عہدے پر پہنچنا اُن کی کوئی ذاتی حصولیابی نہیں ہے، بلکہ یہ بھارت میں ہر غریب شخص کی حصولیابی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کی نامزدگی اِس بات کی گواہ ہے کہ بھارت میں غریب انسان نہ صرف خواب دیکھ سکتا ہے، بلکہ اِن خوابوں کو پورا بھی کر سکتا ہے۔
محترمہ مرمو نے ملک کی، سب کی شمولیت والی ترقی کے لئے پسماندہ طبقے کو اوپر اٹھانے اور خواتین و نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب کام کرنے کے اپنے عزم کو دوہرایا۔
محترمہ مرمو نے نئے بھارت اور ملک کو ایک عالمی رہنما کے طور پر اُبھرنے کے جذبے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھارت سے بڑی امیدیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے انہیں ایسے وقت منتخب کیا ہے، جب وہ آزادی کے 75 سال کا جشن منا رہا ہے۔ انہوں نے کرگل وجے دیوس کے موقع پر یہ کہتے ہوئے ملک کو مبارکباد دی کہ یہ دن ملک کی فوجوں کے حوصلے کی علامت ہے۔
انہوں نے مجاہدین آزادی کے تعاون کو بھی یاد کیا اور اُن امیدوں کو پورا کرنے کی کوششوں کو رفتار دینے کی ضرورت پر زور دیا، جو بھارت کے مجاہدین آزادی نے آزاد بھارت کے شہریوں سے وابستہ کی تھیں۔ کووڈ عالمی وبا کے دوران ملک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کے 200 کروڑ ٹیکے لگایا جانا ایک بڑی حصولیابی ہے۔ اِس سے پہلے صبح کے وقت محترمہ مرمو نے اپنی حلف برداری سے پہلے قومی راجدھانی میں راج گھاٹ پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد سبکدوش ہونے والے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور ان کی اہلیہ سویتانے راشٹرپتی بھون میں محترمہ مرموکو مبارکباد دی۔ اس کے بعد وہ ایک با قاعدہ جلوس کے ساتھ مرکزی ہال پہنچیں۔
راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزرا، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، سفارتی مشنوں کے سربراہان، ارکان پارلیمنٹ، حکومت کے پرنسپل سوِل اور ملٹری افسران بھی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو پہلی قبائلی شخص ہیں اور دوسری خاتون ہیں، جنہوں نے یہ عہدہ حاصل کیا ہے۔