بریلی : ضلع میں رام گنگاندی میں نہاتے وقت دو سگے بھائی غرقاب ہوگئے۔ غوطہ خوروں نے ان میں سے ایک بھائی کی لاش برآمد کرلی ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔بھمبھورا میں واقع بنارے گاؤں میں کل شام دو سگے بھائی امن پاٹھک (۱۰) اور رجت (۷) اپنے دوست ارپت سنگھ کے ساتھ رام گنگا میں نہانے کیلئے گئے ہوئے تھے۔ اسی دوران تینوں گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوبنے لگے۔ گنگا کے کنارے امن اور رجت کا بھائی سچن پاٹھک پاس میں ہی بھینس چرارہا تھا۔ تینوں کو ڈوبتا ہوا دیکھ کر اس نے شور مچایا ، شور کی آواز سن کر غوطہ خورندی میں کود گئے اورکسی طرح ارپت سنگھ کوبچا لیا ۔ امن کی لاش مل گئی ہے لیکن رجت کی لاش ابھی تک نہیں ملی ہے۔ اس کی تلاش جا ری ہے۔