لکھنؤ: بین ریاستی سطح پر ناجائز منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے ایک رکن کو ایس ٹی ایف نے ضلع وارانسی سے گرفتار کیاہے۔ ملزم کے پاس سے تقریباً 28 لاکھ روپئے کے قیمت کی منشیات برآمد ہوئی ہے۔
ایس ٹی ایف فیلڈ یونٹ ورانسی کے انسپکٹر انل کمار سنگھ کے مطابق مخبر سے اطلاع ملی کہ ایک ٹرک یوپی 70 بی ٹی 8377 میں بڑی مقدارمیں گانجہ اڑیسہ سے ضلع وارانسی ہوتے ہوئے پریاگ راج بھیجاجارہاہے۔
اس اطلاع پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو ٹیم کے ساتھ دیگرا موڑ بائی پاس تھانہ رام نگر ضلع وارانسی کے پاس سے گھیرا بندی کرکے ٹرک سوار اسمگلر کو گرفتار کرلیاگیا۔ گرفتار ملزم کی پہچان ونود کمار یادو باشندہ ہنڈیا پریاگ راج کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضہ سے ٹرک میں لوڈ 135 کلوگرام منشیات و 15 ہزار روپئے کی نقدی سمیت پہچان کے کاغذات برآمد ہوئے ہیں۔
گرفتار ملزم نے پوچھ گچھ میں بتایا کہ اس کاایک گروہ ہے جو ناجائز منشیات کی اسمگلنگ کرتا ہے۔ اس گروہ کا سرغنہ سریش یادو باشندہ پریاگ راج ہے ۔ سریش یادو اپنے ٹرک کے بنے کیبن کے کیوٹی میں گانجہ چھپاکر اسمگلنگ کرتاہے۔ یہ گانجہ سندیپ باشندہ اڑیسہ نے لوڈ کرایاتھا۔
انسپکٹر انل کمار نے بتایا کہ گانجہ کو پریاگ راج تک پہچانے کےعوض گرفتار ملزم ونود کو 50 ہزار روپئے ملتے ہیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف ناکوٹکس کنٹرول بیورو لکھنؤ کے ذریعہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مدمہ درج کرکے آگے کی قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔