کانپور: شہر کے باشندے توجہ دیں کیونکہ نئے سال پر شراب پی کر گاڑی چلائی تو آپ کو جیل کی ہوا کھانی پڑسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 10 ہزار روپئے کا جرمانہ بھی دینا پڑے گا۔ ٹریفک پولیس نئے سال کے موقع پر سڑکوںپر خصوصی مہم چلانے کی تیاری کر رہی ہے۔
ٹریفک پولیس نئے سال پر سڑکوںپر خصوصی مہم چلانے کی کر رہی تیاری
31 دسمبر کی رات سے سڑکوں پر پولیس کا سخت بندوبست رہے گا۔ اس بار نئے سال کا جشن سڑک پر ہنگامہ کے ساتھ منایا تو خیر نہیں۔
نئے سال میں سڑک پر شراب پی کر گاڑی چلانے سے گذشتہ برسوں میں شہر میں کئی حادثے ہوئے ہیں۔ کئی لوگوں کی جان تک جا چکی ہے۔ ٹریفک پولیس اس بار بھاری بھرکم تیاریوں کے ساتھ شہر کی سڑکوں پر اترے گی۔
ڈی سی پی ٹریفک سلمان تاج پاٹل نے بتایا کہ 31 دسمبر کی رات سے سبھی اہم سڑکوں اور چوراہوں پر ٹریفک پولیس کی تعیناتی کی جائے گی۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ دیر رات آنے جانے والے سبھی گاڑی ڈرائیوروں کی جانچ کی جائے گی۔ شراب کے نشہ میں گاڑی چلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا، 10 ہزار کا جرمانہ بھی لگایا جائے گا۔
ڈی سی پی نے زبردست کہرے کو دیکھتے ہوئے چوراہوں، تراہوں اور ڈیوائیڈروں پر ریفلیکٹر اور سائنج لگوانے کیلئے میونسپل کارپوریشن افسران کو ہدایت دی ہے۔
ٹریفک پولیس نے ٹپس جاری کرکے اپنے طے مقام پر پہنچنے کیلئے وقت سے تھوڑا پہلے نکلیں، ہیڈ لائٹ جلاکر گاڑی چلائیں، پدل چلنے والے اور سائیکل چلانے والے دوسری لین پر جانے سے بچیں۔