ای سگریٹ سے نوجوانوں میں سانس لینے میں دشواری پیدا ہوتی ہے، تحقیق
ایک تحقیق کے مطابق نوجوانوں میں سانس لینے میں دشواری (دم گھٹنا) کی وجہ ای سگریٹ کے استعمال کو بتایا گیا ہے۔ یہ بات ایک نئی تحقیق کے نتیجے میں سامنے آئی ہے، جوکہ اے ٹی ایس 2021 انٹرنیشنل کانفرنس میں پیش کی گئی۔
اس تحقیق کے جو نتائج سامنے آئے ہیں اس کے مطابق ای سگریٹ کے استعمال سے نوجوانوں میں سیلف رپورٹڈ استھما (دمہ)، سانس لینے کے دوران خرخراہٹ کا ہونا اور پھیپھڑوں میں آکسیجن کی کمی سے سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔
تحقیق کاروں کے مطابق یہ تکلیف ان نوجوانوں اور کمسن بچوں میں بھی پائی گئی جو کہ سگریٹ نوشی یا میریجوانہ کا استعمال نہیں کرتے۔
یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا کے کیک اسکول آف میڈیسن کے پریوینٹو میڈیسن کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر الیانا پی ٹیکٹ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے ویب بیسڈ سروے میں 2931 نوجوانوں اور کمسن بچوں سے (جنکی عمریں اٹھارہ برس سے کم تھیں) گزشتہ 30 دنوں کے دوران ای سگریٹ کے استعمال کے حوالے سے سوالات پوچھنے گئے تھے۔
اس کے ساتھ ساتھ ان سے سیلف رپورٹڈ استھما کی تشخیص اور پھیپھڑوں کی بیماری کے علامات پر بھی گفتگو کی گئی، جس سے یہ نتائج سامنے آئے۔