موسیقی کی دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 197 موسیقاروں نے آرکیسٹرا بنایا ہے جس میں ہر ایک ملک سے ایک موسیقار شامل ہے۔
اس آرکیسٹرا کے ذریعے یہ مثال پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ لوگ اکٹھے ہونے کے لیے ثقافتی اور دیگر سرحدوں کو کیسے پار کرسکتے ہیں۔
برطانوی خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق ارتھ آرکیسٹرا کے گانے ‘ٹوگیدر از بیوٹیفل’ کو مختلف مقامات پر ریکارڈ کیا گیا اور اکٹھا کیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی کچھ موسیقاروں کی کہانیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم کو بھی آج ریلیز کیا گیا۔
کیمرون سے تعلق رکھنے ارتھ آرکیسٹرا کی رکن اولگا این کے نے کہا کہ وہ 3 سال سے بننے والے اس پروجیکٹ کو اس طرح دیکھتی ہیں ‘جیسے پوری دنیا ہاتھ تھامے ہوئے ہے’۔
دیگر موسیقار بھی اس پروجیکٹ میں سب کو یکجا کرنے کے عنصر سے متاثر ہوئے۔
مئی 2019 میں 197 میں سے 57 اراکین نے لندن کے ایبی روڈ اسٹوڈیوز میں گانے کی بنیاد رکھنے کے لیے ملاقات کی تھی۔
اس پروجیکٹ کی نگرانی بافتا ایوارڈ جیتنے والے موسیقار جارج فینٹن نے کی لیکن بہت سے موسیقاروں نے ان کی دھن اور تھیمز کو بہتر بنایا اور اپنے ملک سے تعلق رکھنے والے موسیقی کے آلات اور انداز کا استعمال کیا۔
رومانیا کے موسیقار مائیکل کریٹو نے کہا کہ انہیں محسوس ہوا تھا کہ گانا بالکل وہی تھا جس کی اس وقت دنیا کو ضرورت ہے یعنی ‘ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ تعاون کی’۔