سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات ایران کے شمال مغربی علاقے میں واقع خوئی شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس میں اب تک تین افراد جاں بحق اور 973 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ نو ریکٹر اسکیل پر بتائی جا رہی ہے۔
ایران کے شمال مغربی صوبے آذربائیجان غربی کے گورنر محمد صادق معتمدیان نے بتایا کہ اس زلزلے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔ ساٹھ افراد کو خوئی شہر کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ بہت سے متاثرین کو اطراف کے دیگر شہروں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔
علاقے کے ستّر دیہاتوں کے رہائشی مکانات کو بیس سے پچاس فیصد تک نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہلال احمر کمیٹی کی متعدد بس ایمبولینسیں متاثرہ علاقوں میں خدمات پیش کر رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، زلزلہ گذشتہ رات نو بجکر پینتالیس منٹ پر آیا تھا۔ صوبہ آذربائیجان غربی کے صدر مقام ارومیہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
گزشتہ برس اکتوبرسے لے کر اب تک اس خطے میں آنے والا یہ تیسرا زلزلہ ہے۔