لاک ڈاؤن اور کورونا نے بہار کی سیاست کا جہاں موڈ بدل دیا ہے ، وہیں انتخابی تشہیر کا پورا طریقہ موبائل اور کمپیوٹر پر لاکر کھڑا کردیا ہے ۔ جے ڈٰی یو نے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعہ لوگوں کو جوڑنے کی کوشش شروع کی ہے ۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ورچوئل ریلی سے انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے اپوزیشن کو سیاسی بساط پر ناکام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کی ان کی حکومت نے سماج کے ہر طبقہ کے لئے کام کیا ہے اور عوام انہیں دوبارہ موقع دیتی ہے تو وہ آگے بھی کام کرتے رہیں گے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سماج میں امن و امان قائم کرنے کے مقصد سے ان کی حکومت نے صوبہ کے قبرستانوں کی گھیرابندی کرائی ، مندروں کی چہار دیواری کرائی ، لوگ گزشتہ حکومت کی لاپرواہی سے پریشان تھے ، جب ہماری حکومت اقتدار میں آئی تو بہار کی سڑکوں کی حالت کو ہم لوگوں نے بدلا ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قدیم دنوں کو یاد ضرور کیجئے گا کہ صوبہ کی سڑک، بجلی اور اسکولوں کی کیا حالت تھی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے سڑکوں کو جال بچھایا ، گاؤں گاؤں تک بجلی فراہم کرائی ، اسکولوں کا نظام بدلا۔
نتیش کمار کے مطابق صوبہ کی سڑکوں میں گڑھا ہوا کرتا تھا اور آج سڑکیں چمکتی ہوئی نظر آتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قانون کا راج قائم کیا جہاں جرائم پیشہ لوگوں کو گرفتار کیا جاتا ہے اور انہیں سزا دی جاتی ہے ، چھوڑا نہیں جاتا ہے ۔ بجلی بل میں گڑبڑی کو ختم کرنے کے لئے پری پیڈ میٹر حکومت لگوا رہی ہے ۔ کبھی صوبہ میں لوگ شام ہوتے ہی لال ٹین جلانے پر مجبور ہوا کرتے تھے اور اب ان کے گھروں میں بجلی آرہی ہے ۔
وزیر اعلی نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں ہماری حکومت نے کافی کام کیا ہے ۔ پانچویں کے بعد لڑکیوں کو اسکول نہیں بھیجا جاتا تھا ۔ پوشاک اور سائیکل اسکیم لاکر بچیوں کو اسکول میں داخلہ کرانے کا موقع دیا گیا ۔
آج بڑی تعداد میں لڑکیاں اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں ۔ ٹیچروں کو ای پی ایف کا فائدہ دلایا ۔ ہمارے دورے اقتدار میں چھ لاکھ آٹھ ہزار آٹھ سو ۹۳ لوگوں کو بحال کیا گیا ۔ صوبہ میں مکمل شراب بندی نافذ کی گئی ۔ ریاست کی خواتین کے مطالبہ پر صوبہ میں شراب بندی قانون بنایا گیا ۔ بہت لوگ سیاست میں پیسہ کے لئے آتے ہیں ، لیکن ہم لوگوں نے سماجی خدمت کا کام کیا ہے ۔
کورونا سے مرنے والوں سے وزیر اعلیٰ نے تعزیت کا اظہار کیا اور ساتھ ہی کہا کہ کورونا کا مقابلہ کرنا ہے ، ڈرنا نہیں ہے ۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ورچوئل ریلی کے بہانے اپنی حکومت کی خوب ستائش کی اور ایک بار پھر موقع دینے کی لوگوں سے اپیل کی ۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپوزیشن کے ہر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کام میں یقین رکھتی ہے اور آگے بھی انہیں موقع ملا تو وہ کام کرتے رہیں گے۔