نئی دہلی: ہر ووٹر کو شامل فہرست کرنے کی کوشش کو ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے قومی الیکشن کمیشن اب سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کا استعمال کرنے جا رہا ہے تاکہ پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے کی عمر کو پہنچنے والوں پر توجہ کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ ووٹروں سے رجوع کیا جا سکے ۔
سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کمیشن فیس بک کے ساتھ مل کر یکم جولائی سے پورے ملک میں ” ووٹر رجسٹریشن یاد دہانی ” شروع کر رہا ہے ۔چیف الیکشن کمشنر نسم زیدی نے اہل شہریوں پر اس بات کے لئے زور دیتے ہوئے کہ وہ شامل فہرست ہو کر ووٹ دیں کہا کہ انہیں یہ اعلان کرنے میں خوشی ہو رہی ہے کہ پہلی بار ووٹربننے والوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ اہل شہریوں کو شامل فہرست کرنے کے لئے الیکشن کمیشن ‘خصوصی مہم’ شروع کر رہا ہے ۔
یہ جس مقصد کی تکمیل کے لئے ایک اضافی قدم ہے وہ یہ ہے کہ کوئی بھی ووٹر بننے سے نہ رہ جائے ۔مسٹر زیدی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ پہل لوگوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کی مہم کو مضبوط کرے گی اور مستقبل میں انتخابی عمل میں حصہ لینے اور ہندوستان کے ذمہ دار شہری بننے کے رخ پر ووٹروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
ریلیز کے مطابق یکم جولائی کو، فیس بک ملک میں اپنے ان صارفین کو “ووٹر رجسٹریشن یاد دہانی” کی ایک نوٹیفکیشن بھیج دے گا جو ووٹنگ کے قابل ہوں گے ۔سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ سائٹ نے اپنی ویب سائٹ اور ایپلی کیشنز پر ایک ” اب رجسٹر کریں ” بٹن تیار کیا ہے تاکہ لوگ الیکشن کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہو سکیں گے .
ملک میں 180 ملین سے زیادہ لوگ فیس بک پر موجود ہیں۔یاد دہانی نامے ہندی، اردو، گجراتی، تامل، تیلگو، ملیالم، کناڈا، پنجابی، بنگالی، آسامی، مراٹھی ، اڑیہ اور انگریزی، سمیت 13 مختلف زبانوں میں بھیجے جائیں گے ۔