نئی دہلی، 14 مئی ؛ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے عیدالفطر کے مبارک موقع پر ہم وطنوںکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، سب لوگوں سے کورونا کے پروٹوکول کی پیروی کرنے اور عالمی وباء کے قہر سے محفوظ رہنے کی اپیل کی ]
محترمہ سونیا گاندھی نے جمعہ کے روز یہاں ایک پیغام میں کہا کہ “بھائی چارہ، تحمل اور خیرخواہی کا یہ تہوار سب کے لئے اچھی صحت، خوشی اور خوشحالی لائے اور ملک میں پھیلی بیماریوں، بے چینی اور مایوسی کی فضا ختم کرے۔ سب لوگوں سے گزارش ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے گھر وں پر عید منائيں اور انفیکشن سے بچنے کی تمام ہدایات اور پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی حفاظت کریں۔
اہل وطن کو عید مبارک دیتے ہوئے مسٹر راہل گاندھی نے بھی ٹویٹ کیا کہ “اس وبائی بحران کے وقت میں، بھائی چارگی کے ساتھ ایک دوسرے کی مدد کرنا ہی ہر مذہب کا سبق ہے۔ یہ ہمارے ملک کی روایت ہے۔ آپ سب کو عید مبارک”۔