ایک ماہ کی روزہ داری کے بعد ایران اور دنیا کے بیشتر ملکوں کےمسلمان عوام آج عیدالفطر منا رہے ہیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں کورونا پروٹوکول کا خیال رکھتے ہوئے نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔
ہمارے نمائندوں کے مطابق، ایران کے روزہ دار مومنین نے ضیافت الہی کے اختتام پر جمعرات کی صبح کی ابتدائی گھڑیوں میں، مسجدوں اور مقدس ہستیوں کے روضوں کے صحنوں اور کھلے مقامات پر، کورونا پروٹول کا خیال رکھتے ہوئے نمازعید کے اجتماعات میں شرکت کی اور رب جلیل کے حضور سجدہ ریز ہوکر، ماہ مبارک رمضان میں عبادات و بندگی کی توفیق ملنے کا شکرانہ ادا کیا۔
اس موقع پر پورے عالم اسلام اور خاص طور سے فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
دارالحکومت تہران میں نمازعید کا اجتماع تہران یونیورسٹی کے کھلے میدان میں منعقد ہوا جہاں اس یونیورسٹی میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے حجت الاسلام مصطفی رستمی نے نماز کی امامت کی۔
نماز عید کےاجتماعات کے اختتام پر تہران سمیت مختلف شہروں میں نمازیوں نے بیت المقدس، مسجد الاقصی اور غزہ پر صیہونی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔
ایران کے علاوہ دنیا کے بہت سے دوسرے ملکوں میں بھی آج عیدالفطر منائی جارہی ہے اور نماز عید کے اجتماعات منقعد کیے گئے ہیں۔









