ہبلی، 24 مئی (یو این آئی) کرناٹک کے دھارواڑ ضلع کے ہبلی شہر کے بالکل قریب منگل کو پنے-بنگلور قومی شاہراہ پر ایک سڑک حادثے میں مہاراشٹر کے کولہاپور سے تعلق رکھنے والے آٹھ مسافروں کی موت ہو گئی۔
اس سلسلے میں معلومات دیتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ ترہال اور گبور کے درمیان بائی پاس سیکشن پر نجی بس اور ٹرک کے درمیان ہوئی ٹکر میں 6 افراد موقع پر اور 2 اسپتال میں دم توڑ گئے، جب کہ 26 زخمی ہوگئے۔
ہبلی دھارواڑ کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) گوپال بائی کوڈ کے مطابق کولہاپور سے بنگلور جانے والی بس اور گبور سے مہاراشٹر کی طرف جانے والے ٹرک کے درمیان ٹکر ہونے سے دونوں ڈرائیوروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس ڈرائیور ٹریکٹر کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دوران اس نے سامنے سے آنے والے ٹرک کو ٹکر مار دی جس کی وجہ سے بس ٹریکٹر سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں بس اور ٹرک ڈرائیور سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ ٹریکٹر ڈرائیور زخمی ہو کر فرار ہو گیا۔
تمام 26 زخمیوں کو یہاں کرناٹک انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (کے آئی ایم ایس ) اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
کے آئی ایم ایس کے سربراہ راملنگپا اندرانی کے مطابق داخل ہونے والوں میں سے دو اسپتال میں دم توڑ گئے اور 14 زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے، جب کہ پانچ سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے کہا کہ وہ بس کے تمام مسافروں کی تفصیلات جمع کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔