نینی تال: ہند -چین سرحد کے قریب اتراکھنڈ میں ایک ہولناک حادثے کی خبر ہے ۔
اتوار کی دوپہر ایک گاڑی پر ایک بہت بڑی چٹان گرگئی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد کی المناک موت کا خدشہ ہے ۔ ان میں تین بچے بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق حادثہ لاماری ایس ایس بی کیمپ اور بوندی کے درمیان پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک گاڑی دھارچولا سے سامان لے کر جیولنکونگ گئی تھی۔ واپسی کے دوران گاڑی پر ایک بڑی چٹان گرگئی۔
بتایا جاتا ہے کہ گاڑی میں آٹھ افراد سوار تھے ۔ ان میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ یہ سب دھارچولا واپس جا رہے تھے ۔ چٹان اتنی بڑی ہے کہ لاشیں اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے ۔ موقع پر صرف کپڑے رہ گئے ہیں۔
یہ بھی معلوم ہواہے کہ چٹان اتنی بڑی ہے کہ جے سی بی بھی اسے ہلانے میں ناکام ہے ۔ ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف موقع پر موجود ہیں۔ اس خوفناک حادثے میں کسی کے بچنے کی امید نہیں ہے ۔ صورتحال اس قدر خوفناک ہے کہ لاشوں کی شناخت بھی ممکن نہیں۔ مرنے والوں کے بارے میں تفصیلی معلومات دستیاب نہیں ہوسکیں۔
دھارچولا پولیس کے ایریا آفیسر پرویز علی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہولناک حادثہ پیش آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے ۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔