نئی دہلی‘ 15اپریل ؛الیکشن کمیشن نے متنازعہ تقریروں کے ذریعہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملات میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ اور سابق وزیر اعلی اور بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی پر بالترتیب 72 اور 48گھنٹے کے لئے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی ہے۔
کمیشن نے ان دونوں لیڈروں کو 16 اپریل کی صبح چھ بجے سے انہیں انتخابی مہم میں حصہ لینے‘ جلسہ عام کرنے ‘ روڈ شو منعقد کرنے ‘ میڈیا کے سامنے بیان دینے اور انٹرویو دینے وغیرہ پر پابندی لگائی ہے۔
کمیشن نے یوگی ادتیہ ناتھ کو نو اپریل کو میرٹھ میں قابل اعتراض اور متنازعہ تقریر کرنے کے معاملے میں نوٹس جاری کیا تھا جب کہ مایاوتی کو دیوبند میں سات اپریل کو اشتعال انگیز تقریر کے معاملے میں نوٹس جاری کیا تھا۔