نئی دہلی ،29اپریل ؛انتخابی کمیشن نے خواتین واطفال کی ترقی کی مرکزی وزیر مینکا گاندھی کو اترپردیش کے سلطان پور میں کی گئی تقریر کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیاہے اور اس کے لیے انھیں متنبہ کیاہے اور مستقبل میں اسکا اعادہ نہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
کمیشن نے سلطان پور کے سرکوڑا گاؤں میں محترمہ گاندھی کے 14اپریل کو انتخابی ریلی کے دوران کی گئی تقریر کی ویڈیوکلپ منگاکر اسکا مطالعہ کیا اور نتیجہ اخذ کیا کہ انھوں نے اپنی تقریر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔کمیشن نے پیر کو ایک حکم میں یہ بات کہی ہے ۔
واضح رہے کہ 16اپریل کو کمیشن نے مسٹر گاندھی پر ایک دیگر معاملہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام میں 48گھنٹے کے لیے انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روک دیاتھا۔کمیشن نے محترمہ مینکا گاندھی کو متنبہ کیاہے کہ وہ آئندہ اس طرح کی تقریر دوبارہ نہ کریں ۔