نئی دہلی، 28 جون (یواین آئی) حکومت نے جموں وکشمیر میں صدر راج کی مدت چھ مہینے اور بڑھانے کی تجویز اور ریاست کے جموں، کٹھوا اور سامبا اضلاع میں بین الاقوامی سرحد سے ملحق گاؤں میں رہنے والے لوگوں کو ریزرویشن کا فائدہ دیئے جانے سے متعلق بل کو لوک سبھا میں پیش کیا۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے ایوان میں اس بل کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کی بحالی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ریاست میں پائیدار امن وقانون برقرار رکھنے کے لئے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کی کارروائی جاری رہے گی۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ ریاست میں گورنر راج اور صدر راج کے دوران ایک سال میں پہلی بار دہشت گردی کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ کی پالیسی اختیار کی گئی ہے اور حکومت دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخری حصہ میں جموں و کشمیر میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ جموں و کشمیر میں سرحد کی حفاظت اور عوام کی فلاح و بہبودحکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مسٹر شاہ نے وزیر دفاع اور پچھلی حکومت میں وزیر داخلہ رہے مسٹر راج ناتھ سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر سنگھ نے ریاست کے نظم ونسق کو درست کرنے کے لئے جو بھی فیصلے کئے تھے، انہیں طے شدہ میعاد میں مکمل کیا جائے گا۔