نئی دہلی ، یکم اپریل ( یواین آئی ) مغربی بنگال اور آسام میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعرات کو 69 سیٹو ں پر ووٹنگ جاری ہے۔
اس مرحلے میں مغربی بنگال کی سب سے مشہور نندی گرام اسمبلی سیٹ پر بھی ووٹنگ ہو رہی ہے ، جہاں سے ریاست کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوئے سابق وزیرشوبھندوں آدھیکاری آمنے سامنے ہیں ۔
مغربی بنگال میں آج 30 سیٹوں پر ووٹنگ ہورہی ہے ۔ ان میں ساؤتھ 24 پرگنہ کی 4 سیٹوں ، بنکورا کی 8 ، ایسٹ مدنی پور 9 ، مغربی مدنی پور کی 9 سیٹیں شامل ہیں۔ 30 سیٹوں کے لئے 171 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں 152 مرد اور 19 خواتین ہیں۔ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے لئے 3،210 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔
ریاستوں کی چار اسمبلیوں میں سکیورٹی اہلکاروں کی 800 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں ۔ ان میں سے 22 کمپنیاں صرف نندی گرام میں رہیں گی ۔ حساس بوتھ پر دو سکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے نندی گرام کے پولنگ بوتھ پر سی سی ٹی وی کیمرے لگوائے ہیں۔ یہاں انتخابات کی ویڈیو گرافی اور ویب کاسٹنگ بھی ہوگی۔
وہیں آسام کی 39 سیٹوں پر جمعرات کو ووٹنگ جاری ہے۔ ان سیٹوں پر 345 امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آسام کی 39 سیٹوں پر 73،44،631 رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
ووٹ دیں گے اس میں 37،34،537 مرد ، 36،09،959 خواتین اور 135 ووٹر ٹرانسجینڈر ہیں ۔ آسام میں دوسرے مرحلے میں چار وزیر انتخابات لڑ رہے ہیں۔