نیویارک،31جولائی:ایلون مسک نے ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کرنے کے بعد اب مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر مزید تبدیلیاں کرنے کا اعلان کردیا ہے۔حال ہی میں ایلون مسک نے ٹوئٹر کے چڑیا جیسے نظر انے والے مشہور لوگو کو اسٹائلائزڈ ’X‘ میں تبدیل کردیا ہے اور ساتھ ہی اس بات کا امکان بھی ظاہر کیا تھا کہ مشہور سوشل ویب سائٹ کا نام بھی تبدیل کردیا جائے گا۔
اب اْنہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی ’کَلر اسکیم‘ کو تبدیل کرنے کا ارادہ کیا ہے۔عام طور پر، سوشل میڈیا پلیٹ فارم صارفین کو 3 کلر اسکیمز کے انتخاب کی اجازت دیتا ہے، جن میں ’ڈیفالٹ‘، ’ڈِم‘ اور ’لائٹس آؤٹ‘ شامل ہیں جوکہ بالترتیب سفید، سرمئی اور سیاہ رنگ کی ہوتی ہیں۔ایک صارف نے سوال کیا کہ’کیا ایلون مسک نئے ’X‘ لوگو سے مماثل ہونے کے لیے ٹوئٹر کے نیلے رنگ کے تصدیقی نشان کو سیاہ رنگ میں تبدیل کریں گے؟‘صارف نے مزید لکھا کہ’مجھے سیاہ رنگ پسند ہے لیکن یہ رنگ ڈارک موڈ پر اچھا نہیں لگے گا‘
۔صارف کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے انکشاف کیا ہے کہ جلد ہی اس پلیٹ فارم پر صرف ’ڈارک موڈ‘ یعنی سیاہ رنگ کی کلر اسکیم ہوگی۔دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی ’ڈارک موڈ‘ کا استعمال کرتے ہیں، جس میں عام طور پر ایک گہرے سرمئی رنگ کا پس منظر ہوتا ہے جو آنکھوں کے لیے ایک بہتر انتخاب ہے اور اس سے موبائل کی بیٹری بھی دیر تک چل سکتی ہے۔
اس لیے متعدد ٹوئٹر صارفین ایلون مسک کے اس تبدیلی کے فیصلے کی تعریف کر رہے ہیں۔یہ تبدیلی ایلون مسک کی ٹوئٹر کی ری برانڈنگ کے سلسلے میں ہے جس کا مقصد اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ’ایوری تھنگ ایپ‘ کے طور پر ڈیزائن کرنا ہے۔