نیویارک: ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے نامور غیر ملکی خبر رساں اداروں کے صحافیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس معطل کر دیئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق خبر رساں ادارے سی این این، نیو یارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کے کئی صحافیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس معطل کر دیئے گئے۔
ان صحافیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کو ایلون مسک کی لوکیشن کے حوالے سے معلومات شائع کرنے کی وجہ سے معطل کیا گیا ہے۔
ایلون مسک نے اپنی ایک ٹوئٹ میں صحافیوں کا نام لیے بغیر لکھا کہ ’صحافیوں پر وہی قوانین لاگو ہوتے ہیں جو دیگر لوگوں پر لاگو ہوتے ہیں، دن بھر مجھ پر تنقید کرنا بالکل ٹھیک ہے، لیکن میری ریئل ٹائم لوکیشن کو ڈوکس کرنا اور میرے خاندان کو خطرے میں ڈالنا ہرگز ٹھیک نہیں ہے‘۔
واضح رہے کہ ذاتی معلومات کے اشتراک پر پابندی لگانے والے ٹوئٹر کے قواعد کا حوالہ ڈوکس یا ڈوکسنگ کہلاتا ہے۔
خیال رہے کہ نیویارک ٹائمز نے ٹوئٹر کی پابندیوں کو قابل اعتراض قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تمام صحافیوں کے اکاؤنٹس جلد بحال کر دیئے جائیں گے۔
اس سے قبل ایلون مسک کے پرائیویٹ جہاز کو آن لائن ٹریک کرنے والا ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی معطل کیا گیا تھا۔