برطانوی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انگلینڈ میں اومی کرون کے 55 فیصد کیسز کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں میں سامنے آئے۔
ماہرین کو خدشہ ہے کہ اومی کرون پر موجودہ ویکسین کا اثر نہیں ہوتا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اومی کرون جنوبی افریقا میں کورونا کی ڈیلٹا قسم سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ڈیلٹا کے مقابلے میں بیماری دوبارہ لاحق ہونے کا خدشہ بھی 3 گنا زیادہ ہے۔
اومی کرون وائرس کے کیسز سامنے آنے والے ملکوں کی فہرست میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ لاطینی امریکا کے ملک میکسیکو کے نائب وزیر صحت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی قسم اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اومی کرون کے امریکا میں 5 سے زیادہ اور فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق دلی کے اسپتال میں اومی کرون ویرینٹ کے 12 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر 8 افراد کو گزشتہ روز اور چار افراد کو آج اسپتال میں داخل کیا گیا۔