لکھنؤ : ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل اور ایرا یونیورسٹی کی جانب سے دوروزہ بین الاقوامی سی ایم ای آنکو-4 کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آئی آئی ٹی آر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آلوک دھون مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
پروگرام میں ایرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عباس علی مہدی ، ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر فرزانہ مہدی اور ایراز کالج کے پرنسپل پروفیسر ایم این اے فریدی بھی موجود تھے۔
دوروزہ بین الاقوامی سطح کے پروگرام میں ڈاکٹر آلوک دھون نے ماحول میں پھیل رہی آلودگی کو انسانوں کیلئے بیحد خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس زہریلی آلودگی پر اگر روک نہیں لگی تو آنےو الے وقت میں یہ آلودگی خطرناک بیماریوں کو جنم دے گی۔ ڈاکٹر دھون نے آلودگی کو کنٹرول کرنے پر زور دیا اور پروگرام میں موجود طلباء و نمائندوں سے اپیل کی کہ اس زہریلی آلودگی کو روکنے میں مکمل تعاون دیں۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر عباس علی مہدی نے بھی زہریلی آلودگی کی روک تھام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو آلودگی کی روک تھام کیلئے آگے آنا ہوگا ورنہ آنے والے وقت میں انہیں خود اس کے مضر نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پروگرام میں موجود ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر فرزانہ مہدی نے بتایا کہ ایراز میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل اور ایرا یونیورسٹی میں پرسنلائزڈ میڈیسن کا نیا شعبہ قائم کیا گیا ہے یہاں اس میدان میں نئی نئی تکنیک پر تحقیقی کام ہوگا۔ اس سے طلباء کی معلومات میں بیحد اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ایراز میڈیکل کالج اور یونیورسٹی میں بین الاقوامی سطح کے پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔
بین الاقوامی سی ایم ای آنکو-4پروگرام میں لندن سے آئے ڈاکٹر حسن رضوی نے بتایا کہ موجودہ وقت میں پیتھالوجسٹ کی ذمہ داریاںکافی بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معالجاتی میدان میں ہر انسان کو ہر وقت اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ ڈاکٹر حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیتھا لوجسٹ کو کلینکل معاملات میں سرگرمی دکھانا ہوگی۔
آنکو-4 میں امریکہ سے آئے ڈاکٹر اشرف خان نے تھائیرائیڈ کینسر سے متعلق نئی تحقیقات کے بارے میں بتایا۔ ڈاکٹر اشرف نے تھائیرائیڈ میلیگ نینسی کے سلسلہ میں مالے کیولر پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
اس کے ساتھ ہی کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر اے کے ترپاٹھی نے بلڈ کینسر کی روک تھام اور اس کے علاج کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی۔
ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل اور ایرا یونیورسٹی میں پیتھالوجی شعبہ کے صدر پروفیسر ریاض مہدی نے شعبہ کی حصولیابیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پروگراموں سے طلباء اور اس میدان کے ماہرین کی معلومات میں اضافہ ہوتا ہے۔
پروگرام کی کنوینر پروفیسر نروپما لال نے بتایا کہ آنکو-4 کے دوسرے روز پروفیسر تسلیم رضا کی قیادت میں ورکشاپ منعقد ہوگی۔ بین الاقوامی سی ایم ای آنکو-4 میں پیتھالوجی شعبہ کے تمام اساتذہ اور طلباء موجود تھے۔