قاہرہ: یورپیئن کمیشن کے صدر کے قاہرہ کے دورے کے دوران اسرائیل اور مصر کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کے تحت وہ یورپ کو گیس کی برآمدات بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ اب یورپی بلاک روسی گیس پر انحصار ختم کرنا چاہتا ہے۔
اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یورپیئن کمیشن کے صدر اُرسولا وون در لیئن نے مصر میں غذائی تحفظ کے لیے 10کروڑ یورو کی امداد کا وعدہ بھی کیا جو یوکرین جنگ کی وجہ سے اناج کی قلت سے دوچار ہے۔
اُرسولا وون نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یوکرین کے خلاف روس کی جنگ نے روسی جیواشم ایندھن پر یورپ کے انحصار کو بے نقاب کر دیا ہے اور ہم اس انحصار سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔