دہلی کی نئی ایکسائز پالیسی سال 21-22 کے ختم ہونے کے بعد وہ 70 لاکھ بوتلیں محکمہ کے لئے درد سر بن گئی ہیں، جو فروخت ہونے سے رہ گئی تھیں۔
وہیں ان بوتلوں کو ختم کرنے کے لیے کئی دکانداروں نے ایک کے ساتھ ایک مفت آفر بھی شروع کر دیا۔ محکمہ ایکسائز کے اہلکار شراب کی ان باقی بوتلوں کو ٹھکانے لگانے اور موجودہ ایکسائز پالیسی کے تحت فروخت کرنے کے طریقے تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ محکمہ ایکسائز کے افسران نے بتایا کہ اس باقی ماندہ اسٹاک میں شراب اور بیئر شامل ہے۔ واضح رہے ان بوتلوں کو گوداموں میں رکھا گیا ہے۔ یہ بوتلیں ایکسائز پالیسی 2021-22 کی آخری تاریخ کے اندر فروخت نہیں کی جا سکتی تھیں، جس کی میعاد 31 اگست کو ختم ہو گئی ہے۔
ایک سینئر سرکاری افسر نے بتایا کہ موجودہ ایکسائز پالیسی کے تحت شراب کے مختلف برانڈز کی 35 لاکھ سے زیادہ بوتلیں رجسٹرڈ ہیں۔ ایسے برانڈز کارپوریشن کی دکانوں پر فروخت کیے جا سکتے ہیں۔ باقی اسٹاک ان برانڈز کا ہے جو ابھی تک موجودہ ایکسائز پالیسی کے تحت رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ اہلکار نے کہا کہ ایسے اقدامات کی تلاش کی جا رہی ہے کہ غیر رجسٹرڈ برانڈز کے اس اسٹاک کو کیسے صاف کیا جائے۔ ایک آپشن یہ ہے کہ ان برانڈز کو رجسٹر کر کے انہیں شراب کی دکانوں کے ذریعے فروخت کیا جائے جبکہ دوسرا آپشن انہیں ختم کرنا ہے۔