عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سینئر رہنما اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ ہم صرف اقتدار کے لیے نہیں آئے ہیں بلکہ تبدیلی کے لیے آئے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ آج ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو بھی تعلیم اور صحت کی بات کرنی پڑ رہی ہے۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما منیش سسودیا نے بدھ کے روز ملک بھر میں پارٹی کارکنان سے آن لائن گفتگو کی اور ان کا حوصلہ بلند کیا۔ اس دوران انہوں نے سبھی کارکنان کے ساتھ پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا اور ان سے تجاویز بھی طلب کیں۔انہوں نے کہا، “ہمارا مقصد حکومت بنا کر نظام کو درست کرنا ہے، اورہم صرف اقتدار کے لیے نہیں آئے ہیں، بلکہ تبدیلی کے لیے آئے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو بھی آج تعلیم اور صحت پر بات کرنی پڑ رہی ہے۔
یہ تبدیلی کی شروعات ہے۔ ہماری جنگ اقتدار حاصل کرنے کے لیے نہیں، بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی سوچ اور ان کی ترجیحات کو تبدیل کرنا بھی ہمارے تحریک کا حصہ ہے۔”
منیش سسودیا نے کہا کہ اروند کیجریوال نے دہلی میں تعلیم، صحت، بجلی، پانی سمیت عوامی مفاد کے دیگر شعبوں میں تبدیلی کر کے دکھایا ہے۔ اگر بی جے پی حکومت ان اصلاحات کو آگے بڑھاتی ہے تو یہ بھی ہماری جیت ہوگی، کیونکہ ہم صرف اقتدار میں بنے رہنے کے لیے نہیں، بلکہ تعلیم، صحت، بجلی، پانی جیسے ضروری مسائل پر اصلاحات کے لیے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دیگر سیاسی جماعتیں اپنی روایتی سیاست، بدعنوانی، غنڈہ گردی، ذات پات اور مذہب کی سیاست کو چھوڑ کر عوامی فلاح و بہبود کے مسائل پر بات کرنا شروع کرتی ہیں، تو اسے بھی ہمیں اپنی کامیابی کے طور پر دیکھنا چاہیے۔