بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون ہندی سینما میں ایک کے بعد ایک بہترین فلموں کے ساتھ آگے بڑھتی جارہی ہیں۔ تاہم وہ اپنی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کو کیریئر کے لیے بہترین انتخاب مانتی ہیں۔
فلم فیئر کو دیے ایک انٹرویو میں دپیکا پڈوکون نے اپنی ڈیبیو فلم اور یہ جوانی ہے دیوانی سے حاصل ہونے والی مقبولیت کے حوالے سے بات کی۔
دپیکا پڈوکون نے بتایا کہ انہوں نے 2013 میں ایک بڑے سپر اسٹار کی فلم میں کام کرنے سے انکار کیا تھا، جبکہ اس دوران انہوں نے رنبیر کپور کے ہمراہ فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ سائن کی۔
اس حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ ’میں نے اس فلم کو انکار کرنے کے بعد یہ جوانی ہے دیوانی سائن کی اور میں بےحد خوش ہوں کہ میں نے ایسا کیا، یہ مجھے ملنے والی بہترین فلم تھی، اور یہ اس بات کی مثال بھی ہے کہ جب کچھ ہوتا ہے تو اس کے پیچھے ہمیشہ کوئی وجہ ہوتی ہے‘۔
یہ کہنا بھی غلط نہیں ہوگا کہ دپیکا پڈوکون اپنے کیریئر کے حوالے سے کافی خوش قسمت رہی ہیں، جس کی ایک مثال ان کی ڈیبیو فلم ’اوم شانتی اوم‘ تھی۔
اپنی ڈیبیو فلم کے حوالے سے دپیکا نے بتایا کہ انہیں بغیر کسی اسکریننگ اس فلم میں کاسٹ کیا گیا، جبکہ فرح خان اور شاہ رخ خان نے پوری شوٹنگ کے دوران انہیں کام سکھایا۔
دپیکا کے مطابق ’میں نے اس سے قبل کسی فلم سیٹ پر کام نہیں کیا، مجھے نہیں معلوم تھا کہ کہاں دیکھوں، ڈائیلاگس کیسے بولوں، کس طرح برتاؤ کروں، میں کچھ بھی نہیں جانتی تھی، لیکن شاہ رخ اور فرح نے اس پورے دوران میری بہت مدد کی‘۔