لکھنؤ : ۔سنجے گاندھی پی جی آئی میں سڑک تحفظات بیداری15روزہ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں اپیکس ٹراما سینٹر کے ڈاکٹر ارون کمار شریواستو نے کہا کہ ہر سال ملک میں سڑک حادثات میں 20.1لاکھ لوگوں کی موت ہوجاتی ہے۔
یہ اعداد و شمار تشویشناک ہیں۔ بیداری پیدا کرکے اور 15روزہ تحفظ کے اصولوں پر عمل کرکے اسے کم کیا جاسکتا ہے۔پروگرام میں ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسرآر ہرش وردھن نے بتایا کہ سڑک حادثات سے بچاؤ کی تعلیم اسکول کی سطح پر دی جانی چاہئے۔
بچوں کو ٹریفک قوانین سے بیدار کیا جائے۔ اگر روڈ سیفٹی کو نصاب میں شامل کیا جائے تو ابتدائی مراحل میں ہی بچوں کو اس کے بارے میں معلومات مل جائیں گی۔ ڈاکٹر ارون نے بتایا کہ سڑک حادثات کا شکار بننے والے 16 سے 40 سال کی عمر کے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔ 60 سے 80 فیصد حادثات 40 سال کی عمر میں ہوتے ہیں۔ ان حادثات میں 70 فیصد سے زیادہ نوجوان شامل ہیں۔
نیورو سرجری شعبہ کے صدرڈاکٹر اے کے جیسوال نے کہا کہ سڑک حادثات میں زیادہ تر اموات سر پر چوٹ لگنے سے ہوتی ہیں۔ ایسی صورتحال میں لوگوں کو ہمیشہ اس بات پر توجہ دینی چاہئے کہ وہ اسٹرپ کےساتھ اچھی کوالٹی والا ہیلمٹ پہنیں۔
پولیس یا چالان سے بچنے کے لئے ہیلمٹ نہ پہنیں۔ یہ زندگی بچانے والا ہے۔ ہر گاڑی ڈرائیور کے لئے ہیلمٹ پہننا لازمی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حادثات جلد بازی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔
اگر لوگ جلدی نہ کریں اور گاڑی کی رفتار کو کنٹرول کریں تو حادثے کے امکانات کم ہو جائیں گے۔ اس موقع پر نیورو سرجری کے ڈاکٹر کملیش سنگھ بھیسورا، ڈاکٹر اکشے پاٹیدار، ڈاکٹر وید پرکاش موریہ اور اے ٹی سی لیب میڈیسن شعبہ کی ڈاکٹر اوالے روپالی بھالچندرا نے موجود لوگوں سےسڑک تحفظات سے متعلق سوالات پوچھے۔