اگر تو آپ بہت زیادہ ٹیلیویژن دیکھنے کے عادی ہیں تو عمر سے پہلے بڑھاپے کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہوجائیں۔
یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
بوسٹن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ درمیانی عمر میں جسمانی سرگرمیوں سے دوری جلد بڑھاپے کا باعث بن سکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق ناقص جسمانی فٹنس اور دماغی عمر میں اضافے کے درمیان تعلق پایا گیا ہے جس کے اثرات جسم پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بات بی سامنے آئی کہ نوجوانی سے بہت زیادہ وقت تک ٹیلیویژن دیکھنا اور جسمانی سرگرمیوں سے دوری دماغی افعال کی تنزلی کا باعث بنتی ہے اور اگر دماغ کی عمر بڑھتی ہے تو جسم بھی تیزی سے بڑھاپے کی جانب بڑھتا ہے۔
یہ تحقیق طبی جریدے نیورولوجی میں شائع ہوئی۔
اس سے قبل ایک اور امریکی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ نیند کی کمی بھی قبل از وقت بڑھاپے کا باعث بن جاتی ہے کیونکہ جلد پر جھریاں ابھرنے اور لچک ختم ہونے سے وہ لٹکنے لگتی ہے۔
محققین کے مطابق ناکافی نیند کے جلد کی صحت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس کی عمر میں اضافہ ہونے لگتا ہے اور انسان قبل از وقت بوڑھا نظر آنے لگتا ہے۔