ڈھاکہ، 9 اکتوبر (یو این آئی) بنگلہ دیش کے سابق رکن پارلیمنٹ محیب الرحمان مانک کو ریپڈ ایکشن بٹالین (آر اے بی) نے جولائی- اگست میں ملک میں کوٹہ مخالف طلبہ تحریک میں شامل لوگوں پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ اس تحریک نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔
مقامی اخبار ڈھاکہ ٹریبیون نے بدھ کو خبر دی کہ عوامی لیگ کے رہنما مانک کو منگل کی شام ڈھاکہ کے وسندھرا رہائشی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
آر اے بی کے لیگل اینڈ میڈیا ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے این ایم عمران خان نے اس کی تصدیق کی۔
مسٹر مانک کے خلاف امتیازی سلوک مخالف طلبہ تحریک کے دوران مبینہ طور پر حملہ کرنے کے لئے سنام گنج صدر پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کی گئی ہے۔ اس تحریک کی وجہ سے عوامی لیگ کی حکومت گر گئی اور اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو ہندوستان فرار ہونا پڑا۔
مسٹر عمران نے بتایا کہ مسٹر مانک کو ڈھاکہ کے ڈیٹیکٹیو برانچ (ڈی بی) کے دفتر کے حوالے کرنے کی کارروائی جاری ہے۔
آر اے بی بنگلہ دیش پولیس کی ایک خصوصی جرائم اور انسداد دہشت گردی شاخ ہے۔