سابق گورنر پنڈت کیشری ناتھ ترپاٹھی کا اتوار کو انتقال ہو گیا۔ ملک کی تین ریاستوں کے گورنر رہنے کے علاوہ وہ کئی اہم عہدوں کی ذمہ داریاں بھی سنبھال چکے تھے
الہ آباد: مغربی بنگال کے سابق گورنر پنڈت کیشری ناتھ ترپاٹھی کا اتوار کو انتقال ہو گیا۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے شدید علیل تھے۔ سابق گورنر کا انتقال اتوار کی صبح پانچ بجے الہ آباد (پریاگ راج) میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ ان کی آخری رسومات شام 4 بجے شہر کے رسول آباد گھاٹ پر ادا کی جائیں گی۔
مغربی بنگال کے گورنر ہونے کے علاوہ انہوں نے بہار اور تریپورہ کے گورنر کا اضافی چارج بھی سنبھالا۔ 88 سالہ کیشری ناتھ ترپاٹھی الہ آباد ہائی کورٹ کے سینئر وکیل اور آئینی ماہر تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جونپور سیٹ سے 2004 میں لوک سبھا کا الیکشن بھی لڑا تھا۔ وہیں، کیشری ناتھ ترپاٹھی کئی بار یوپی اسمبلی میں اسپیکر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے تھے۔ انہوں نے اس کے علاوہ بی جے پی میں کئی عہدوں پر اپنی ذمہ داری نبھائی۔